وینس (ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکن ای کامرس کمپنی ایمازون کے بانی ارب پتی جیف بیزوس اور صحافی لورین سانچیز کی پُرتعیش اور مہنگی ترین شادی کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز اٹلی میں ہوچکا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوزکے مطابق خبر رساں ادارے رائٹر ز کی ایک رپورٹ میں اس پرتعیش اور مہنگی ترین شادی سے متعلق کئی معلومات منظر عام پر لائی گئی ہیں۔
شادی کا مقام :رپورٹس کے مطابق جیف اور لورین کی شادی کی تقریب اٹلی کے شہر وینس ہوگی لیکن تاحال شادی کی تاریخ اور شادی کی تقریب کا مقام خفیہ رکھا گیا ہے ۔
دوسری جانب یہ بھی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ جیف اور لورین ان تقریبات سے قبل ہی ا مر یکہ میں ایک انتہائی نجی تقریب میں رشتہ ازدواج بندھ چکے ہیں جب کہ یہ ان کی شادی کی دوسری سیلیبریشن ہے ۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شادی کی تقریب وینس کے تاریخی مقام آرسنل میں مشہور سینٹ مارکس سکوائر کے سامنے ، 99 میٹر اونچے بیل ٹاور کے ساتھ ہفتے کے روز منعقد کی جائے گی۔
اس تقریب میں ہالی وڈ اسٹارز ، دنیا کی مشہور اور مقبول 200 سے 250 شخصیات بھی شرکت کریں گے۔
شادی کا بجٹ :رپورٹس میں اس شادی کے بجٹ کا تخمینہ 56 ملین ڈالر یعنی 15 ارب روپے سے زائد لگایا گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس شادی کو دنیا کی اور صدی کی مہنگی ترین شادی میں شمار کیا جارہا ہے۔
مہمانوں کی آمد کا انتظام:رائٹرز کے مطابق منتظمین کی جانب سے مہمانوں کے استقبال کیلئے وینس کی مختلف کمپنیوں سے کم از کم 30 واٹر ٹیکسیاں بک کروائی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ 90 پرائیوٹ جیٹس کے ذریعے خاص مہمانوں کو وینس لایا جائے گا جب کہ شرکت کے لیے صدر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا سمیت دنیا بھر سے آنے والے وی وی آئی پی مہمانوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔بتایا گیا ہے کہ شادی میں شرکت کرنیوالے 250 متوقع مہمانوں کو وینس شہر کے 5 پرتعیش ہوٹلز میں ٹھہرایا جائے گا۔
شادی کی خاص ڈش :سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق صدی کی سب سے مقبول شادی کیلئے اٹلی کے مقامی دکانداروں کو وینیشین روایت کا ذائقہ شادی میں شامل کرنے کیلئے بک کیا گیا ہے، ان دکانداروں کو اس شادی کیلئے اٹلی کی ’ معروف روزا سلوا پیسٹری ‘ کے 200 سے زائد گڈی بیگز تیار کرنے کا آرڈر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 61 سالہ جیف بیزوس نے اپنی گرل فرینڈ 55 سالہ امریکی صحافی و اینکر لورین وینڈی سانچیز سے 2023 میں منگنی کی تھی۔
ایمازون کے بانی اور امریکی صحافی نے جنوری 2019 میں اپنے تعلقات کی تصدیق اس وقت کی تھی جب بیزوس نے اپنی بیوی میکنزی اسکاٹ سے طلاق کا اعلان کیا تھا، بیزوس اور میکنزی کی شادی 26 سال رہی اور ان کے 4 بچے ہیں۔
اسی طرح لورین سانچیز کی بھی 4 سال قبل شوہر پیٹرک وائٹسیل سے طلاق ہوگئی تھی، 13 سال کی شادی میں ان کے 2 بچے ہیں۔
جیف بیزوس اور لورین کی پُرتعیش شادی ، تقریب کی خاص ڈشز میں کیا کیا شامل





تبصرے بند ہیں