پشاور: پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے 5 ناراض امیدواروں میں سے 4 نے سینیٹ انتخاب سے دستبرداری کا اعلان کر دیا۔
تحریک انصاف کے ناراض امیدواروں میں سے عرفان سلیم، عائشہ بانو، ارشاد حسین اور وقاص اورکزئی سینیٹ الیکشن سے دستبرادر ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ناراض سینیٹ امیدوار خرم ذیشان نے انتخاب سے دستبردار ہونے سے انکار کیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ناراض سینیٹ رہنما ارشاد حسین نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینےکی درخواست کی۔
جیو نیوز سے گفتگو میں ارشاد حسین نے کہا کہ خرم ذیشان کے سوا باقی تمام ناراض امیدوار دستبردارہو گئے ہیں ۔
پی ٹی آئی رہنما ارشاد حسین کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ بانی پی ٹی آئی اور پارٹی قیادت کے فیصلے کی روشنی میں کیا۔
ارشاد حسین نے بتایا کہ میں نے کے پی سینیٹ الیکشن میں ٹیکنوکریٹ سیٹ کے لیے کاغذات جمع کیے تھے، میں الیکشن نہیں لڑنا چاہتا لہٰذا میرا نام سینیٹ الیکشن سے ڈراپ کیا جائے۔
اس کے علاوہ وقاص اورکزئی نے بھی سینیٹ انتحابات سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔
وقاص اورکزئی کا کہنا تھا کہ کاغذات واپس لینے کا مقصد یہ نہیں کہ اپنے نظریے سے پیچھے ہٹا، بیرسٹرگوہر،سلمان اکرم راجا نے یقین دلایا کہ نام بانی پی ٹی آئی نے ہی فائنل کیے۔
واضح رہے کہ اتوار کو خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر کامیاب 25 ارکان نے حلف اٹھالیا۔
مخصوص نشستوں پر ارکان کی حلف برداری کے بعد خیبر پختونخوا کا ایوان مکمل اور سینیٹ الیکشن کے لیے الیکٹورل کالج پورا ہوگیا۔
اب سینیٹ کی 11 نشستوں پر انتخاب آج ہوگا جس میں 25 امیدوار میدان میں ہوں گے۔ پی ٹی آئی حکومت اور اپوزیشن مل کر تحریک انصاف کے ناراض امیدوار کے خلاف الیکشن لڑیں گے، معاہدے کے تحت6 نشستیں حکومت جبکہ 5 اپوزیشن کو ملیں گی ۔
انتخاب میں 145 ارکان اسمبلی ووٹ کاسٹ کریں گے۔






تبصرے بند ہیں