ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت 18 نومبر کو ہوگی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے وکلا کی بانی سے ملاقات کے بعد اہم حکم بھی سامنے آگیا۔ عدالت نے ملاقات کے بعد سیاسی معاملات پر بات نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا اہم حکم نامہ سامنے آگیا۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے دو صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا۔
عدالت نے ہدایت کی کہ بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کے بعد وکلا سیاسی معاملات پر بات نہیں کریں گے بلکہ خود کو صرف قانونی امور تک محدود رکھیں گے۔
عدالت نے اپیلوں کی پیپر بکس 7 روز میں تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وکلا کو دلائل کی تیاری کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔
حکم نامے کے مطابق لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملاقات نہ ہونے کے باعث وہ دلائل نہیں دے سکتے، جبکہ سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ انہیں اپیل پر دلائل کے لیے ہدایات مل چکی ہیں، تاہم ملاقات کا دورانیہ کم تھا۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو ملاقات کا انتظام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کا دورانیہ ایک گھنٹے سے کم نہیں ہوگا۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہیں۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف اٹھارہ نومبر کو سماعت کریں گے۔






تبصرے بند ہیں