وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان ماحول دوست ٹرانسپورٹ اور جدید لاجسٹکس نظام کے فروغ کے لیے عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر گرین فریٹ کوریڈورز کے پائلٹ منصوبوں پر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے ترکیہ کےشہرانطالیہ میں جاری موسمیاتی کانفرنس COP31 کے موقع پرپاکستان کےماحول دوست ٹرانسپورٹ منصوبوں اور علاقائی رابطوں کو بہتر بنانے کے اقدامات پیش کردیے۔
10 نومبرکوگلوبل گرین فریٹ کوریڈورز انیشی ایٹو کے اعلیٰ سطح کے وزارتی اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے عالمی شراکت داروں کو پاکستان میں گرین فریٹ کوریڈورز کے پائلٹ منصوبوں میں تعاون کی پیشکش کی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی ماحولیاتی وعدوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے پائیدار ٹرانسپورٹ اور جدید لاجسٹکس نظام کو فروغ دینا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کے مستقبل کے ٹرانسپورٹ منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ قومی ریلوے پلان 2026 کے تحت مال برداری میں ریلوے کا حصہ بڑھا کر 20 فیصد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے شاہراہوں پر 3 ہزار الیکٹرک گاڑیوں کےچارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کے منصوبے کا بھی ذکر کیا،جنہیں تقریباً ہر 50 کلومیٹر کے فاصلے پر نصب کرنے کی تجویز ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان سنگل ونڈو اور الیکٹرانک ٹی آئی آر (eTIR) جیسے ڈیجیٹل اقدامات سرحد پار تجارت کو آسان بنانے اور لاجسٹکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے ملک کے اہم انفرااسٹرکچر منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے ایم 6 موٹروے اور ایم ایل ون ریلوے اپ گریڈیشن کو ٹرانسپورٹ اور علاقائی رابطوں کے لیے اہم قرار دیا۔
ان منصوبوں سے پاکستان کے تجارتی نیٹ ورک کو مضبوط بنانے اور چین، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے ساتھ رابطوں کو بہتر بنانے کے امکانات ہیں،گرین فریٹ کوریڈورز کے تحت سامان کی نقل و حمل کے لیے ماحول دوست گاڑیوں، ریلوے، جدید لاجسٹکس اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جاتا ہے۔
اس نظام سے ایندھن کی کھپت اورگرین ہاؤس گیسوں کےاخراج میں کمی کے ساتھ تجارتی اخراجات اور ترسیل میں تاخیر بھی کم ہوسکتی ہے،پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کے ٹی آئی آر کنونشن پرعمل درآمد کے بعد ٹرانزٹ ٹریفک کے حجم میں مبینہ طور پر 200 فیصد ہے






تبصرے بند ہیں