10 لاکھ گھروں کی تعمیر میں کرپشن نہیں ہوئی: بلاول کا دعویٰ

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ 10 لاکھ گھروں کی تعمیر میں کرپشن نہیں ہوئی، جبکہ منصوبے سے متعلق مانیٹرز کو جائزہ لینے کا چیلنج بھی کردیا۔

کراچی میں سیلاب متاثرن کو 10 لاکھ گھر فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج سندھ حکومت نے تاریخ رقم کی ہے، دنیا میں یہ ہاؤسنگ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ حکومت سندھ نے 10 لاکھ گھر بنائے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جب یہ منصوبہ مکمل ہوگا تو ہم 20 لاکھ گھر بنائیں گے۔ پاکستان اور دنیا معاشی بحران سے گزر رہے ہیں۔ معاشی بحران اور بیروزگاری میں یہ گھر ایک تحفظ فراہم کرتا ہے۔ سندھ حکومت کا ہر منصوبہ صوبے کے عوام کا ساتھ دینے والا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم نے صرف گھر نہیں بنایا بلکہ لوگوں کو گھر کا مالک بنایا۔ یہ سب سے بڑا لینڈ ٹرانسفر کا منصوبہ ہے۔ جن کے پاس مالکانہ حقوق نہیں تھے انکو مالک بنایا۔ گھر کی خواتین کے پاس مالکانہ حقوق اور بینک اکاؤنٹ بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا روٹی، کپڑا اور مکان کا وعدہ ہے۔ کچھ سیاستدان سمجھتے ہیں امیر طبقے کو ریسیٹ کریں۔ میں سمجھتا ہوں غریب عوام کو ریسیٹ کریں، اس سے ملک ترقی کرے گا۔ کاروباری اور امیر طبقے کے کہنے پر نہیں بلکہ غریب آدمی کے کہنے پر چلیں، غریب آدمی کے کہنے پر چلیں اس سے ملک ترقی کرے گا۔

READ  آسٹریلین رائل ملٹری کالج میں پاکستانی کیڈٹ سردار ارسام عباس اوورآل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ قرار

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام سیاسی جماعتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ ہمارے مسائل حل کریں نا کہ آپس میں لڑیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ صرف گھر بنانے کا منصوبہ نہیں بلکہ خواتین کو مضبوط بنانے کا بھی منصوبہ ہے۔ یہ گھر خواتین کے نام پر ٹرانسفر کیے گئے ہیں۔ یہ 10 لاکھ گھر روزگار کا بھی بہت بڑا موقع بنا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیلاب متاثرین سے وعدہ کیا تھا کہ ان کو گھر بنا کر دیں گے۔ تین سال میں سندھ حکومت نے 10 لاکھ گھر بنا دیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں