لاہور : سعودی عرب، جرمنی اوراٹلی سمیت مختلف سفارتخانوں کا ڈیٹا ہیک کرنے والے 12 ہیکرز کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) پنجاب نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مختلف سفارتخانوں کا ڈیٹا ہیک کرنے اور جعلی ویزا اپائنٹمنٹ فراڈ میں ملوث 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے این سی سی آئی اے پنجاب کے ڈائریکٹر علی وسیم نے بتایا کہ ملزمان سعودی عرب، جرمنی، اٹلی سمیت مختلف سفارتخانوں کے سسٹمز اور رابطہ نمبرز ہیک کرکے انہیں اپنے نمبروں پر ڈائیورٹ کر دیتے تھے، جس کے ذریعے شہریوں کو جعلی اپائنٹمنٹ لیٹر جاری کرکے دھوکا دیا جاتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے جعلی اپائنٹمنٹ لیٹرز، متعدد موبائل فونز، ڈیجیٹل شواہد اور سنگاپور پولیس کی ایک وردی بھی برآمد ہوئی ہے، جبکہ ملزمان نے مختلف سفارتخانوں کے ماحول کی نقل بھی تیار کر رکھی تھی تاکہ شہریوں کو آسانی سے دھوکا دیا جا سکے۔
علی وسیم کا کہنا تھا کہ یہ گینگ 2019 سے سرگرم تھا اور اس کا شکار صرف پاکستانی نہیں بلکہ مختلف ممالک کے شہری بھی بنتے رہے۔ ملزمان نے کارروائیوں کے لیے مختلف زبانوں کے ماہر افراد بھی رکھے ہوئے تھے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ ویزا یا دیگر معلومات کے لیے صرف متعلقہ سفارتخانوں کے آفیشل نمبرز سے ہی رابطہ کریں۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے نے ایک اور کارروائی سے متعلق بتایا کہ ادارے نے "ٹائیکون 2FA” نامی ہیکنگ ایپ سے وابستہ گینگ بھی گرفتار کیا ہے، یہ ایپ 96 ہزار مرتبہ فروخت کی جا چکی تھی اور اس کے ذریعے صارفین کے موبائل فونز کا مکمل ڈیٹا ہیک کیا جاتا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سنگاپور حکومت نے اس معاملے پر پاکستانی حکام سے شکایت بھی کی تھی، جبکہ اس کیس میں ریاست خود مدعی ہے، جعلی کال سینٹرز کے خلاف تمام متعلقہ اداروں پر مشتمل جوائنٹ ٹاسک فورس بھی قائم کی جا رہی ہے۔






تبصرے بند ہیں