خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث آنے والے اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ متعدد لاپتہ ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جبراڑئی اور سلارزئی کے علاقوں میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے 9 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 4 زخمی ہوئے۔ امدادی ٹیمیں، جن میں میڈیکل عملہ، غوطہ خور اور دیگر ریسکیو اہلکار شامل ہیں، جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں۔
حکام کے مطابق مقامی افراد کی مدد سے 4 زخمیوں کو بچا لیا گیا ہے جبکہ اب تک 8 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جبراڑئی کے علاقے میں تقریباً 17 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
ریسکیو ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش میں مسلسل مصروف ہیں، جبکہ سیلابی ریلے سے کئی مکانات بھی تباہ ہو چکے ہیں۔ امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔






تبصرے بند ہیں