فلسطین میں اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسیسکا البانیز نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں جاری نسل کشی کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق، انہوں نے کولمبیا کے دارالحکومت بگوٹا میں ایک بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک کو اسرائیل سے اپنے سفارتی تعلقات پر نظرثانی کرنی چاہیے اور ان تعلقات کو منقطع کرنے پر غور کرنا چاہیے۔ اُن کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کو بھی اسی طرز پر قدم اٹھانا چاہیے۔
یہ کانفرنس کولمبیا اور جنوبی افریقہ کی حکومتوں کے اشتراک سے منعقد ہوئی، جس میں اسپین، آئرلینڈ، چین سمیت 30 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ فرانسیسکا البانیز نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اسرائیل کی معیشت کا انحصار مقبوضہ علاقوں میں کی جانے والی نسل کشی پر ہے۔
کانفرنس میں شریک بیشتر وفود نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف تشدد کو نسل کشی کے ایک ذریعے کے طور پر استعمال کر رہا ہے، اور یہ بھی واضح کیا کہ وہ بین الاقوامی عدالت انصاف کی اس رائے کی حمایت کریں گے جس میں فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔






تبصرے بند ہیں