صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جرات، نظم و ضبط اور حکمت نے بھارت کے خلاف پاکستان کو کامیابی دلائی۔
یومِ آزادی کے 78ویں موقع پر اپنے پیغام میں صدر نے اہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں جرات، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ آج ہم قائداعظم اور تحریکِ پاکستان کے تمام رہنماؤں اور کارکنان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سال یومِ آزادی بڑے فخر اور نئی امید کے ساتھ منایا جا رہا ہے، کیونکہ حال ہی میں قوم نے بیرونی جارحیت کے جواب میں اپنی طاقت، عزم اور اتحاد کا عملی مظاہرہ کیا۔ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں حاصل ہونے والی فتوحات تاریخ کے سنہرے ابواب ہیں۔ معرکہ حق میں کامیابی غیر متزلزل عزم، شاندار پیشہ ورانہ مہارت اور قومی اتحاد کی عکاسی کرتی ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ بھارت کی بلاجواز جارحیت کا جواب ہم نے تحمل، حکمت اور بھرپور قوت سے دیا۔ دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، مگر اپنی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ معرکہ حق کی فتح نے عوام میں نیا اعتماد پیدا کیا اور قوم کے حوصلے مزید بلند کیے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے اداروں پر عوام کا اعتماد مضبوط کیا اور پاکستان کا عالمی تشخص بہتر بنایا۔ آج دنیا ہمیں ایسے ملک کے طور پر دیکھتی ہے جو امن چاہتا ہے لیکن دباؤ کے آگے نہیں جھکتا۔
صدر زرداری کے مطابق اگر ہم متحد، یکسو اور مشترکہ مقصد کے لیے پرعزم ہوں تو ہر شعبے میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ اب ضروری ہے کہ اسی جذبے کو معاشی بحالی، تعلیمی اصلاحات، ٹیکنالوجی کی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کی جانب موڑیں۔





تبصرے بند ہیں