چین کے شہر تیانجن میں وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور وفاقی وزراء بھی شریک تھے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عقیدے پر مبنی دیرینہ تعلقات کو اجاگر کیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا۔ ایرانی صدر نے پاکستان کی مستقل حمایت کو سراہتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی و اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور ایران کے عوام و حکومت کے ساتھ پاکستان کی بھرپور یکجہتی کا اعادہ کیا۔
انہوں نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ تناؤ کے خاتمے اور استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری ہی مؤثر راستہ ہیں۔
ایرانی صدر نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔






تبصرے بند ہیں