قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اسٹار بیٹر بابر اعظم کو اہم مشورہ دے دیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’ہسنا منع ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ بابر اعظم ہمارے سپر اسٹار اور دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، بابر کو یہی مشورہ دوں گا کہ پُرسکون رہیں، دباؤ سے نکلیں، تنقید کو نظر انداز کریں اور یاد رکھیں کہ فارم وقتی ہوتی ہے لیکن کلاس ہمیشہ کے لیے ہے، محنت جاری رکھیں، آپ دوبارہ دنیا کے بہترین بیٹرز میں شمار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کے پاس میچ ونر کی تمام صلاحیتیں اور ٹیلنٹ موجود ہے، اب وقت آگیا کہ وہ اپنی بیٹنگ سے میچز جتوا کر اپنا لوہا منوائیں۔
وسیم اکرم نے اپنے کرکٹ کے دنوں میں ٹیم کے اندرونی اختلافات پر بھی کھل کر بات کی، ان دنوں کو یاد کیا جب وہ ساتھی کھلاڑیوں کے درمیان انا پرستی اور جھگڑوں کے ماحول میں پھنس جاتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان تنازعات میں بعض اوقات میرے قریبی دوست بھی شامل ہوتے تھے، اُس وقت ٹیم نسبتاً نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی اور مناسب رہنمائی و سینئرز کی کمی کے باعث اختلافات کو سنبھالنا مشکل ہو جاتا تھا۔
وسیم اکرم نے ان جھگڑوں کو اُس وقت کی ناپختگی اور کم عمری کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ بعد میں کئی کھلاڑیوں نے اپنی غلطیوں کا اعتراف بھی کیا۔






تبصرے بند ہیں