مشہور ٹی وی سیریز "گیم آف تھرونز” کے اداکار لیام کننگھم غزہ میں اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والی ایک ننھی بچی کو یاد کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے۔
آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے یہ اداکار اس وقت ایک بین الاقوامی فلوٹیلا (جہازوں کا قافلہ) کے ہمراہ ہیں جو بارسلونا (اسپین) سے غزہ کے لیے انسانی امداد لے کر روانہ ہوا ہے۔
سفر کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے فاطمہ نامی کم سن بچی کا ذکر کیا جو چند روز قبل اسرائیلی بمباری میں شہید ہوئی۔ لیام کننگھم نے شرکاء کو فاطمہ کی تصویر اور اس کا آڈیو کلپ دکھایا۔ روتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ننھی بچی محض 5 یا 6 سال کی تھی اور اس نے اپنی موت سے قبل اپنی تدفین کے لیے خود گیت منتخب کیا تھا۔ "یہ کس دنیا کی عکاسی ہے جہاں معصوم بچے اپنی آخری رسومات کا سوچنے پر مجبور ہوں؟”
انہوں نے مزید کہا کہ فاطمہ کو اسرائیلی فوج نے قتل کیا اور اب وہی گیت اس کے جنازے پر پڑھا جائے گا۔
اداکار نے مغربی حکومتوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلوٹیلا کی روانگی اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی برادری اور حکومتیں بین الاقوامی و انسانی قوانین پر عمل درآمد کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں، اور یہ وقت ہماری تاریخ کا نہایت شرمناک دور ہے۔






تبصرے بند ہیں