بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر مین پوری میں ایک 52 سالہ خاتون کو اس کے 26 سالہ دوست نے دوپٹے سے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون شادی اور قرض کی واپسی کا دباؤ ڈال رہی تھی، جس پر ملزم نے اسے قتل کر دیا۔ پولیس کو 11 اگست کو کرپاری گاؤں کے قریب ایک خاتون کی لاش ملی، جس کی گردن پر نشانات سے واضح ہوا کہ اسے گلا دبا کر مارا گیا، بعد ازاں پوسٹ مارٹم میں بھی قتل کی تصدیق ہوئی۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے خاتون کی شناخت فرخ آباد کی رہائشی کے طور پر کی اور جلد ہی ملزم ارون راجپوت کو گرفتار کر لیا۔ دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ اس کی خاتون سے انسٹاگرام پر دوستی ہوئی تھی، جو بعد میں فون پر رابطے اور ملاقاتوں تک جا پہنچی۔
ملزم کے مطابق خاتون اس سے شادی کا تقاضا کر رہی تھی اور ساتھ ہی دیے گئے ڈیڑھ لاکھ روپے بھی واپس مانگ رہی تھی، جس پر طیش میں آکر اس نے خاتون کو قتل کر دیا۔
ارون نے مزید انکشاف کیا کہ خاتون انسٹاگرام پر فلٹرز کے ذریعے اپنی اصل عمر چھپا رہی تھی، اور پہلی ملاقات میں اسے خاتون کی حقیقت کا علم ہوا۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ خاتون شادی شدہ تھی اور اس کے بچے بھی تھے، جن وجوہات کی بنا پر وہ اس سے شادی نہیں کرنا چاہتا تھا، لیکن دباؤ بڑھنے پر اس نے انتہائی قدم اٹھا لیا۔






تبصرے بند ہیں