سینئر اداکار توثیق حیدر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شادی نہ کرکے اپنی محبت کی کہانی کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ انسان کو ایک سے زیادہ بار محبت ہوسکتی ہے اور اس میں کسی قسم کی شرمندگی محسوس نہیں کرنی چاہیے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے توثیق حیدر نے کہا کہ زندگی میں ہم سفر کا ہونا اہم ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ شادی اور بچوں کی پرورش لازمی ہو۔ سب سے پہلے خود سے محبت کرنا سیکھنا چاہیے، کیونکہ خوشی اور سکون کی بنیاد اپنی ذات سے محبت ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسان کی زندگی پیاز کی مانند ہے، جس میں دکھ اور خوشی کی مختلف تہیں ہیں، لیکن ہمیں اپنی توجہ خوشی اور سکون پر مرکوز رکھنی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ محبت بار بار ممکن ہے، اس میں نہ مرد و عورت کا فرق ہے اور نہ ہی شرمندگی کی بات، البتہ بیک وقت دو لوگوں سے محبت نہیں ہوسکتی، اپنے ساتھی کے ساتھ ہمیشہ وفادار رہنا چاہیے۔
اداکار نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں، خاص طور پر بیٹیوں پر شادی کے لیے دباؤ ڈالنا بند کریں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایک انٹرویو میں توثیق حیدر اعتراف کرچکے ہیں کہ انہیں محبت ہوئی تھی لیکن شادی نہ ہوسکی، تاہم انہیں اس پر کوئی افسوس نہیں۔






تبصرے بند ہیں