سابق کرکٹر کرس گیل (آئی پی ایل) پر پھٹ پڑے
ویسٹ انڈیز کے سابق اسٹار کرکٹر کرس گیل نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور خاص طور پر پنجاب کنگز فرنچائز پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ایک انٹرویو میں گیل نے بتایا کہ انہیں پنجاب کنگز میں وہ عزت نہیں دی گئی جس کے وہ حقدار تھے، یہی وجہ تھی کہ انہوں نے آئی پی ایل سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سینئر کھلاڑی ہونے کے باوجود ان کے ساتھ رویہ بچوں جیسا رکھا گیا، حالانکہ انہوں نے فرنچائز کے لیے بہت کچھ کیا تھا۔
کرس گیل نے کہا کہ اس صورتحال نے انہیں پہلی بار ڈپریشن میں دھکیل دیا، ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے کندھوں پر ایک عمارت کا بوجھ اٹھائے بیٹھا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ذہنی سکون پیسے سے کہیں زیادہ قیمتی ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ انیل کمبلے سے فون پر گفتگو کے دوران وہ رو پڑے تھے اور بات آگے بڑھانا بھی مشکل ہوگیا تھا۔ کمبلے کے رویے سے وہ بہت دکھی تھے لیکن ساتھ ہی ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
گیل کے مطابق اس وقت کے کپتان کے ایل راہول نے انہیں میچ کھیلنے کی پیشکش کی لیکن انہوں نے انکار کرتے ہوئے ٹیم کو الوداع کہا اور اپنا سامان باندھ کر واپس چلے گئے۔
خیال رہے کہ کرس گیل نے آئی پی ایل میں پنجاب کنگز کی نمائندگی چار سیزنز تک کی تھی۔






تبصرے بند ہیں