ہوٹل میں پارٹی کے دوران پولیس کا چھاپہ، فرار کی کوشش میں لڑکی لوہے کی سلاخوں پر گر کر زخمی

Police raid hotel during party

بھارت کے شہر بنگلورو میں 21 سالہ لڑکی ہوٹل کی بالکونی سے گر کر شدید زخمی ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 روز قبل بنگلورو کے ایک ہوٹل میں 4 مرد اور 4 خواتین نے ہوٹل کا ایک کمرہ بک کروایا تھا ، بک کیے گئے کمرے میں رات بھر تیز میوزک کے ساتھ ڈانس پارٹی جاری تھی۔

صبح 5 بجے کے قریب ہوٹل کے کمرے کے تیز میوزک کے شور سے تنگ قریبی رہائشیوں نے پولیس کو شکایت کر دی۔
جس کے بعد پولیس کے ہوٹل پہنچنے پر 21 سالہ وشنوی نے بالکونی میں لگے پائپ کے ذریعے کمرے سے بھاگنے کی کوشش کی، اسی دوران وشنوی اپنا توازن کھوبیٹھی اور ہوٹل کے گراؤنڈ میں لگی لوہے کی سلاخوں پر گرپڑی۔

حادثے کے فوری بعد وشنوی کو اس کے دوستوں کی جانب سے نزدیکی اسپتال لے جایا گیا، بتایا جاتا ہے کہ حادثے میں لڑکی کو سر، ہاتھوں اور پیروں پر شدید قسم کی چوٹیں آئی ہیں، وشنوی فی الحال آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔

زخمی لڑکی کے والد کی جانب سے ایف آئی آر درج کراتے ہوئے پولیس سے تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق یہ الزام بھی سامنے آیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے واقعے کے دوران کمرے میں موجود لڑکے اور لڑکیوں سے رقم کا مطالبہ کیا تاہم ان دعوؤں کی پولیس نے تردید کی ہے۔

READ  پاکستان اور بھارت آج ایک اور کھیل کے میدان میں آمنے سامنے آئیں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں