کراچی کے علاقے ملیر الفلاح میں بابا ولائت شاہ مزار کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں 11 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔ تاہم واقعے کے بعد بچی کے اہلخانہ اور پولیس کے بیانات میں تضاد سامنے آیا ہے۔
الفلاح پولیس کے مطابق مزار کے قریب جگیوں میں بچوں کے جمپنگ (اچھلنے والے) جھولے لگے ہوئے تھے، جہاں کئی بچے کھیل رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 11 سالہ بچی جس کی شناخت فریدہ کے نام سے ہوئی ہے، اچانک جھولے سے نیچے گر گئی اور سر پر شدید چوٹ لگنے کے باعث انتقال کر گئی۔
پولیس نے واقعے کے بعد جھولے والے کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے جبکہ بچی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب جاں بحق بچی کے اہلخانہ نے حادثے کی تردید کرتے ہوئے جھولے والے پر قتل کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ بچی اپنی والدہ کے ساتھ جا رہی تھی اور اس نے صرف جھولے پر ہاتھ رکھا تھا۔ اس بات پر جھولے والے نے طیش میں آ کر بچی کے سر اور گردن پر ڈنڈے مارے، جس سے وہ جاں بحق ہو گئی۔
مقتولہ کے لواحقین نے مزید الزام لگایا ہے کہ اس واقعے کے بعد جھولے والے نے ان کی خواتین پر بھی تشدد کیا، اور پولیس اس معاملے میں ان کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی۔ پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔






تبصرے بند ہیں