وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے سیلاب متاثرین کےلیے 10 لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل کرلی ہے۔
کراچی میں سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ ری ہیبلیٹیشن کے تحت 10 لاکھ گھروں کی تکمیل کی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کےلیے 23 اضلاع میں 21 لاکھ موسمیاتی اثرات سے محفوظ گھر بنانے کا ہدف ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعمیر شدہ ہر گھر جیو ٹیگڈ اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ساتھ تصدیق شدہ ہے، سندھ پیپلز ہاؤسنگ پروگرام کی سب سے بڑی کامیابی خواتین کی خودمختاری ہے۔
سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ پیپلز ہاؤسنگ پروگرام میں عالمی بینک نے 50 کروڑ ڈالرز فراہم کیے، حکومت سندھ نے اپنے فنڈز سے 17 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز کا حصہ ڈالا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایشین ڈیولپمنٹ بینک، اسلامک ڈیولپمنٹ بینک، یورپی انویسٹمنٹ بینک کے تعاون کے شکر گزار ہیں، تقریباً 1 ارب ڈالر کی مشترکہ سرمایہ کاری سے 4 ہزار 800 دیہاتوں کو بنیادی سہولیات دی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ دیہی سندھ کی لاکھوں خواتین پہلی بار اپنے گھروں کی مالکن بن گئیں، خواتین کے نام پر گھر کی رجسٹریشن محض جائیداد نہیں بلکہ تحفظ اور وقار ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھروں کی فراہمی کےبعد اب پینےکےصاف پانی، سینیٹیشن اور ڈرینیج کے منصوبوں پر کام جاری ہے، 10 لاکھ گھر مکمل ہو چکے، کل ہمارا سفر 21 لاکھ گھروں کی تکمیل کی طرف بڑھے گا۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ٹھیکیداروں کے بجائے متاثرہ خاندانوں کو خود اپنا گھر بنانے کے لیے بااختیار بنایا، ایس پی ایچ ایف کی صرف 40 افراد پر مشتمل ٹیم نے ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے تاریخی کام کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے اصل ہیرو سندھ کے عوام ہیں، جنہوں نے ہمت سے اپنے گھر بنائے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوام کی امیدوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سال 2022ء میں بدترین سیلاب آیا، جس میں گھروں کے ساتھ اسکول اور اسپتال بھی تباہ ہوگئے، چیئرمین بلاول بھٹو نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا، وہ سب چیئرمین کی طرف دیکھ رہے تھے کہ اب بس یہی امید ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بلاول بھٹو سے امید تھی کہ وہ ان کے مسائل حل کریں گے، چیئرمین نے ایک دو وزٹ کے بعد مجھے کہا کہ متاثرین کےلیے گھر بنانے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے اپنے لوگوں سے مشورہ کیا اور جواب آیا کہ یہ ممکن نہیں ہے، اگلے روز چیئرمین صاحب ملے اور پوچھا وزیراعلیٰ گھروں کےلیے کیا کیا آپ نے؟ میں نے ہمت کی اور کہا کہ سر یہ نہیں ہوسکتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ چیئرمین نے کہا کہ آپ کام شروع کریں، ان کو ممکن بنانا اب میرا کام ہے۔ کافی لوگوں نے کہاں کہ سیلاب پیپلزپارٹی والے خود لائے ہیں۔






تبصرے بند ہیں