پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے حکومت اور جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان بڑھتی سیاسی کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کرنے کی پیشکش کردی۔
صحافیوں سے گفتگو میں پی پی پی کی سیکریٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا کہ سیاسی چیلنجز کا حل سیاسی مذاکرات اور مفاہمت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت اور جے یو آئی کے درمیان کشیدگی کم کرنے کےلیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے، ہم سیاسی مفاہمت کا فروغ چاہتے ہیں۔
پی پی پی ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کو اس وقت سیاسی استحکام اور قومی سطح پر مذاکرات کی اشد ضرورت ہے، ملک کو اندرونی مسائل و عالمی سطح پر متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، سیاسی کشیدگی ملکی مفاد میں نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ دنیا کو مذاکرات کی دعوت دینے سے پہلے اپنے ملک کے سیاسی فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لانا ہوگا، تمام سیاسی جماعتوں اور سیاسی قیادت کو اختلافات بالائے طاق رکھ کر ایک میز پر بیٹھنا چاہیے۔
شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمان سمیت تمام اپوزیشن رہنماؤں کوملک کے نازک حالات کا ادراک کرنا چاہیے، جے یو آئی سربراہ قابل احترام ہیں، انہیں ملکی صورتحال سامنے رکھتے ہوئے ذمے دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سمیت اپوزیشن قیادت اپنے تحفظات حکومت کے ساتھ بیٹھ کربات چیت سے حل کرے،ہرمعاملے کوپیچیدہ بنانے کے بجائے حکومت اوراپوزیشن کو مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا چاہیے۔
پی پی پی ترجمان نے کہا کہ بعض معاملات پر اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن ان پر بات چیت کا راستہ بند نہیں ہونا چاہیے، ملک کے سیاسی، معاشی اورسماجی استحکام کےلیے تمام سیاسی قوتوں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔






تبصرے بند ہیں