بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا۔
خط میں بانی پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ میری زندگی اورصحت کو شدید خطرات لاحق ہیں، اڈیالہ جیل میں تنہائی کے باعث میرا بلڈ پریشر خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے، گزشتہ ہفتےمیرا بلڈ پریشر 192 اور 193 تک پہنچ گیا تھا، میرا دل پہلے ہی متاثر ہو چکا ہے۔ ڈاکٹرزکے مطابق مجھے برین ہیمرج اور دل کے دورے کا شدید خطرہ ہے۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے18 اگست 2026 کے حکم پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا، سپریم کورٹ نےدوروزمیں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، طبی جانچ کیلئے ماہر امراض قلب اور ماہر امراض چشم پر مشتمل میڈیکل بورڈ کا حکم بھی دیا گیا تھا۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں مجھے روزانہ 22 گھنٹے تک تنہائی میں رکھا جاتا ہے، مجھے اہلخانہ، وکلا، کتابوں اور ٹیلی ویژن سے محروم رکھا گیا، رواں سال مجھے اپنے وکلا سے صرف 4 مرتبہ ملاقات کی اجازت دی گئی، بشریٰ بی بی کو بھی رواں سال وکلا سے صرف ایک مرتبہ ملاقات کی اجازت ملی، میرے بیٹوں کو مجھ سے فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
خط کے مطابق عدالت کے واضح احکامات کے باوجود بیٹوں سے ہفتے میں دومرتبہ بات نہیں کرائی جارہی، میری ہفتہ وار اہلیہ سے ملاقات بھی جیل انتظامیہ کی جانب سے مسلسل منسوخ کی جا رہی ہے، جیل میڈیکل بورڈ نے ذہنی صحت کیلئے اہل خانہ سے زیادہ رابطے،مطالعے اور ٹیلی ویژن کی سفارش کی تھی، جیل انتظامیہ نے میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر عملدرآمد نہیں کیا۔
عمران خان نے لکھا کہ میری دائیں آنکھ کی 85 فیصد بینائی ختم ہوچکی ہے، فروری میں میرے وکیل نےملاقات کےدوران دائیں آنکھ کی بینائی میں 85 فیصدکمی کی نشاندہی کی۔
خط کے مطابق اپریل میں بشریٰ بی بی کی آنکھ کا پردہ متاثرہوااوران کی پیچیدہ سرجری کی گئی، بشریٰ بی بی کی بینائی کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، فوری دوسری سرجری کی ضرورت ہے، بشریٰ بی بی کے میڈیکل ریکارڈ فراہم نہیں کئے جارہے، ڈاکٹرز تک رسائی بھی روکی جا رہی ہے، میری اہلیہ کی صحت اور بینائی کے حوالے سے شدید تشویش ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیشہ اپنےخلاف مقدمات کا سامنا عدالتوں میں کیا،قانون کا راستہ اختیار کیا، کبھی طبی بنیادوں پر ریلیف لینے کی کوشش نہیں کی، میری اپیلیں زیرالتوا ہیں، طبی صورتحال اور بنیادی حقوق کے معاملات نظر انداز ہورہے ہیں، القادرٹرسٹ اپیل کو پرانی اپیلوں سے پہلے سماعت کیلئے مقرر کیاجارہا ہے، میری صحت،اہلیہ کی بینائی اورسپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمدکو ترجیح نہیں دی جا رہی۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جیل مینول، جیل قواعد اور آئینی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے، اپنی زندگی اسپتال بنانے اور غریبوں کو مفت علاج فراہم کرنے کیلئے وقف کی، آج اپنے اور اپنی اہلیہ کیلئے صرف طبی علاج اورانصاف کا مطالبہ کر رہا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ کوئی خصوصی رعایت نہیں چاہتا،عدالتی احکامات پرعملدرآمد اور مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں، زندہ رہوں گاتوہی اپنی بے گناہی ثابت کرسکوں گا، چیف جسٹس صاحبان سے اپیل ہے کہ دیر ہونے سے پہلے انصاف فراہم کیا جائے۔






تبصرے بند ہیں