پاکستان کےمعروف کلاسیکی گلوکارشفقت امانت علی نےانکشاف کیا ہےکہ وہ نایاب قسم کے بلڈ کینسر ملٹی پل مائیلوما میں مبتلا رہ چکے ہیں، تاہم علاج کے بعد ان کی طبیعت میں بہتری آئی ہے۔
گلوکار شفقت امانت علی نے پریس کانفرنس میں اپنی بیماری کےحوالے سے بتایاکہ انہیں ملٹی پل مائیلوما کی تشخیص ہوئی تھی،جو کینسر کی ایک نایاب قسم ہے۔
شفقت امانت علی کے مطابق علاج کے بعد ان کی بون میرو بائیوپسی کی رپورٹ کلیئر آگئی ہے اور وہ اب پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں، تاہم مکمل صحت یابی کے لیے انہیں مزید علاج کے مراحل سے گزرنا ہوگا۔
انکاکہنا تھاکہ اسٹیم سیل تھراپی اور آٹو ٹرانسپلانٹ سےقبل وہ احتیاطاً ادویات استعمال کر رہے ہیں،جبکہ ہلکی نوعیت کی کیموتھراپی کا سلسلہ بھی ہر ہفتے جاری ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ صحت یابی کے بعد وہ دوبارہ موسیقی کی دنیا میں واپسی کرتے ہوئے کنسرٹس میں پرفارم کریں گے۔
واضح رہے کہ شفقت امانت علی معروف میوزک بینڈ ’فیوزن‘ کے سابق مرکزی گلوکار ہیں اور اپنی منفرد آواز کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں۔ انکے مشہور گیتوں میں ’آنکھوں کے ساگر‘، ’خماج‘، ’اکھیاں‘ اور ’جفا‘ شامل ہیں۔






تبصرے بند ہیں