کراچی کے قریب مون سون سسٹم ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل، 100 ملی میٹر سے زائد بارش کا امکان
سندھ پر اثر انداز ہونے والا مون سون سسٹم ڈیپ ڈپریشن کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس کے باعث محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج یہ سسٹم کراچی کے قریب سے گزرتے ہوئے 100 ملی میٹر سے زائد بارش برسا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کل دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش ہوتی رہی، جس کے باعث عام طور پر خشک رہنے والی ملیر ندی میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
بارش کے پیش نظر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں آج ہونے والے امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں، جب کہ ’ورک فرام ہوم‘ پالیسی نافذ کر دی گئی ہے۔ وائس چانسلر کے مطابق آج تمام کلاسز آن لائن ہوں گی۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر نے بتایا کہ آج کراچی میں 4 سے 6 بارش کے اسپیل متوقع ہیں، جن میں موسلا دھار سے شدید موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔
انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام "آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر میں بھارت کی جانب سے سندھ میں ڈیپ ڈپریشن یا ڈیپریشن کا داخل ہونا غیر معمولی بات ہے، اور اس سسٹم کا راستہ بھی کافی پیچیدہ ہے۔
ادھر حیدرآباد میں بھی شدید بارش کے باعث مرکزی شاہراہیں اور نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، جس کے پیش نظر ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں آج تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
ہالہ، نیو سعیدآباد، بھٹ شاہ اور گرد و نواح میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جب کہ مٹیاری میں بھی تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔






تبصرے بند ہیں