مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے اربعین مارچ مؤخر کرنے کا اعلان کردیا، جبکہ حکومت، شیعہ علما کونسل اور ایم ڈبلیو ایم کے درمیان 7 نکاتی ایجنڈے پر اتفاق ہو گیا۔
وفاقی وزیر مملکت طلال چوہدری نے گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا۔ طلال چوہدری کے مطابق حکومت نے اپیل کی ہے کہ اس سال بذریعہ سڑک اربعین کے لیے سفر نہ کیا جائے، جبکہ عراقی ویزوں کی مدت 60 روز تک بڑھائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ بارڈر پر موجود طلبہ کو ایران داخلے کی اجازت دی جائے گی، اور جن کے عراقی ویزے جاری ہوچکے ہیں انہیں رعایتی ٹکٹ فراہم کیے جائیں گے۔ مزید یہ کہ 2 سے 3 روز میں فلائٹ آپریشن بھی شروع کیا جائے گا اور اس حوالے سے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی جائے گی۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ رضوی نے کہا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو مطالبات کی تکمیل کے لیے ضامن بنایا گیا ہے۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ روضہ حضرت امام علی اور امام حسینؓ کی زیارت کے راستے کو کوئی بند نہیں کر سکتا۔






تبصرے بند ہیں