ضلع بٹگرام کے علاقے نیل بند میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 10 افراد کی لاشیں شملائی مندروالی کے مقام سے نکال لی گئیں، جبکہ 18 افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق نیل بند گاؤں، جو بٹگرام اور مانسہرہ کی سرحد پر واقع ہے، میں گزشتہ رات کلاؤڈ برسٹ کے باعث شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، جس کے نتیجے میں 5 مکانات تباہ ہو گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کمشنر ہزارہ اور ڈپٹی کمشنر بٹگرام سے رابطہ کر کے ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے بروقت اور مؤثر ریسکیو آپریشن یقینی بنایا جائے اور تمام دستیاب وسائل و افرادی قوت استعمال کی جائے۔






تبصرے بند ہیں