بالی ووڈ اسٹار گووندا کی 7 سال بعد بڑے پردے پر واپسی

Bollywood star Govinda returns to the big screen after 7 years.

بالی ووڈ کے مایاناز اور مقبول اداکار گووندا تقریباً 7 سال کے طویل عرصے کے بعد فلم ’’روپا‘‘ کے ذریعے ایک بار پھر بڑے پردے پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔

تجربہ کار اداکار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنی اس نئی فلم کا باضابطہ اعلان کیا، جہاں انہوں نے فلم کی ہیروئن اور نئی آنے والی اداکارہ رانی سوارنکار کو بھی میڈیا سے متعارف کروایا، جو اس فلم میں ان کے مدمقابل مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔ فلم میں اداکاری کے ساتھ ساتھ گووندا خود اس فلم کو پروڈیوس بھی کر رہے ہیں۔

ایک طویل عرصے بعد سنیما اسکرین پر واپسی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گووندا نے کہا کہ شاید یہ قسمت ہی تھی کہ مجھے اتنی بار نظر انداز کیا گیا۔ لوگ مسلسل کہتے رہے کہ اب وہ فلموں میں کبھی نظر نہیں آئے گا لیکن میں نے ہمیشہ ایک نئی شروعات پر یقین رکھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ یہ فلم وہ تاریخی کامیابی حاصل کرے جس کا میں نے تصور کیا ہے، کچھ ایسا جس کا لوگ اندازہ بھی نہ لگا سکیں اور یہ فلم اپنا جادو دکھائے۔

گووندا کا کہنا تھا کہ فلم ‘روپا’ کا بنیادی مقصد نوجوان ناظرین کو ترغیب دینا ہے، یہ فلم خاص طور پر نوجوانوں کے لیے بنائی گئی ہے۔ جب وہ اسے تھیٹرز میں دیکھیں گے تو مجھے امید ہے کہ یہ انہیں بڑے خواب دیکھنے اور ان خوابوں کو سچ کرنے کا یقین دلائے گی۔

علمِ نجوم اور علم الاعداد (نیومرولوجی) پر اپنے گہرے عقیدے کے حوالے سے مشہور گووندا نے اس موقع پر اپنی زندگی میں نمبر ’14’ کی غیر معمولی اہمیت کے بارے میں بھی دلچسپ گفتگو کی۔

READ  بیٹوں سے کہتی ہوں رونا آئے تو رو لینا چاہیے: کرینہ کپور

انہوں نے انکشاف کیا کہ نمبر 14 ہمیشہ سے میرا خوش قسمت نمبر رہا ہے۔ میں علمِ اعداد پر یقین رکھتا ہوں، یہاں تک کہ میرا نام بھی اسی پر مبنی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے اس علم پر تب یقین کرنا شروع کیا تھا جب میں صرف 14 سال کا تھا۔ اس کے بعد میں نے اپنے کیریئر میں ایک ہی ہفتے کے دوران 14 فلمیں سائن کیں اور اس کے نتیجے میں مجھے 14 سال کا شاندار سپر اسٹارڈم ملا۔

بالی ووڈ اداکار نے مزید بتایا کہ میں 14ویں لوک سبھا میں پارلیمنٹ کا ممبر منتخب ہوا، اور اب فلموں میں اس شاندار واپسی سے پہلے مجھے زندگی میں پورے 14 سال کی سخت جدوجہد سے گزرنا پڑا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں