پاکستانی بچی ماہ نور چیمہ نے تعلیمی میدان میں دنیا بھر کے بچوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ برٹش پاکستانی طالبہ نے جی سی ایس ای اور او لیول کے امتحانات میں شاندار کامیابی کے بعد اے لیول میں بھی عالمی ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
ماہ نور نے اے لیول میں 24 اے گریڈز حاصل کر کے کئی عالمی ریکارڈ قائم کیے اور انہیں اس کامیابی کی بدولت یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے ممتاز ایگزیٹر کالج میں داخلہ ملا ہے۔ 18 سالہ ماہ نور نے اے لیول اور جی سی ایس ای کے مجموعی طور پر چھ عالمی ریکارڈ بنائے، جبکہ انہوں نے اپنی تیاری گھر پر بغیر کسی ٹیوشن کے خود کی۔
انہوں نے ایسکسٹینڈ پروجیکٹ کے تحت 24 مضامین میں انفرادی طور پر اے لیول کا امتحان پاس کیا، جو ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے، کیونکہ عام طور پر طلبہ مضامین کو دہرایا کرتے ہیں۔ ماہ نور نے اے لیول میں سب سے زیادہ اے اسٹار اور اے گریڈز (کل 19) حاصل کیے، اور جی سی ایس ای، او لیول اور اے لیول میں سب سے زیادہ اے گریڈز کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔
انہوں نے 24 اے لیول اور 34 جی سی ایس ای کے امتحانات میں کل 58 مضامین پاس کر کے ایک اور عالمی ریکارڈ بنایا۔ 2023 میں 16 سال کی عمر میں انہوں نے 34 جی سی ایس ای مضامین پاس کر کے پہلا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
ماہ نور کے والد بیرسٹر عثمان چیمہ کے مطابق دو سال قبل نواز شریف اور شہباز شریف نے انہیں حوصلہ افزائی کے لیے میک بُک تحفے میں دیا تھا، جو ماہ نور نے اے لیول کی تیاری اور آکسفورڈ انٹرویو کے لیے استعمال کیا۔ وہ جلدی میڈیسن کی تعلیم شروع کریں گی اور والد کے مطابق ماہ نور کی کامیابی نہ صرف خاندان کے لیے بلکہ پاکستان کے لیے بھی فخر کا باعث ہے۔
ماہ نور نے جیو نیوز کو بتایا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی سے میڈیسن میں داخلے کی خوشی الفاظ سے بیان نہیں کی جا سکتی، وہ اکتوبر میں وہاں تعلیم شروع کریں گی اور والدین کی قربانیوں کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ ماہ نور کا تعلق لاہور سے ہے اور انہوں نے پاکستان کے نجی اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ برطانیہ میں ان کی تعلیم لینگلے گرامر اسکول میں ہوئی، جبکہ ہوم اسکولنگ سے پہلے انہوں نے لندن کے ہینریٹا بار نیٹ اسکول میں بھی تعلیم حاصل کی۔






تبصرے بند ہیں