سکھر: فصل کے نقصان پر بدترین تشدد کا شکار اونٹنی کو علاج کیلئے کراچی روانہ کردیا گیا۔
چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کے مطابق ابتدائی علاج کے بعد اونٹنی کو فوری کراچی روانہ کیا گیا ہے ۔
گزشتہ روز سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں کھیت میں گھس کر پانی پینے پر بااثر وڈیرے نے مبینہ طور پر اونٹنی کی ٹانگ توڑ دی تھی۔
بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے کے بعد پولیس نے اونٹنی کے مالک کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیاتھا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق3 سے 4 اونٹ کھیتوں سے گزرکرتالاب میں پانی پینے گئےتھے، اونٹنی تالاب سے پانی پی کر نکلی تو3ملزمان نے کلہاڑیوں سے ٹانگ پروار کیا، ملزمان نے اونٹنی کو ٹریکٹر سے باندھ کر گھسیٹا اور وڈیرے نے غصے میں اونٹنی کو ٹریکٹر سے باندھ کرگھسیٹا اور منہ پر ڈنڈے بھی مارے۔
ایف آئی آر کے متن میں اونٹنی کے مالک کا بتاناہے کہ ملزمان میں سے ایک نے کلہاڑی کا وار کیا تو اونٹنی کے منہ پربھی لگا،ا یک ملزم نےمجھ پرپستول تان کرسنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں جس کے بعد زخمی اونٹنی کاعلاج کرانے اسپتال پہنچے تو ڈاکٹروں نےانکار کردیا۔
ایس ایس پی کے مطابق مقدمے میں نامزد 3 ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کرلیا گیا ہےجب کہ دیگر 2 ملزمان کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جار ہے ہیں۔






تبصرے بند ہیں