ملک بھر میں آج بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی اور یومِ آزادی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ ہر شہر، گلی اور محلہ سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں نہا گیا ہے۔
بارہ بجتے ہی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کا سلسلہ شروع ہوا۔ جناح اسپورٹس کمپلیکس میں یومِ آزادی اور "معرکہ حق” کی فتح کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدر مملکت، وزیراعظم، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزراء، ارکانِ قومی و سینیٹ، دوست ممالک کے سفراء اور بڑی تعداد میں شہری شریک ہوئے۔
تقریب میں تینوں مسلح افواج پر مشتمل میوزک بینڈ کے مارچ پاسٹ کے ساتھ پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، پنجاب رینجرز اور ایف سی خیبرپختونخوا کے دستوں نے شاندار پریڈ پیش کی، جب کہ اسپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز اور ترکیہ و آذربائیجان کی افواج کے دستوں نے بھی مارچ پاسٹ کیا۔
قوم اس وقت آزادی اور بھارت کے خلاف تاریخی فتح کی دہری خوشی منا رہی ہے، اور ہر کونا سبز ہلالی پرچم کی چمک سے جگمگا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں ایک بار پھر سب کو پاکستان کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے عظیم دن پر وہ تمام سیاسی جماعتوں کو "میثاقِ پاکستان” میں شامل ہونے کی پیشکش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں احتجاج کا حق ہے مگر جلاؤ گھیراؤ یا بغاوت کا نہیں، سیاست کا حق ہے لیکن توہین کا نہیں۔ پاکستان کا شاندار ماضی ہے اور اب ہمیں روشن مستقبل کی طرف بڑھنا ہے۔
وزیراعظم نے "معرکہ حق” ماڈل کی نقاب کشائی بھی کی۔ اس موقع پر قومی اسمبلی نے یومِ آزادی اور معرکہ حق پر متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ملکی سالمیت و خودمختاری کے تحفظ کے عزم کو دہرایا۔






تبصرے بند ہیں