کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں سے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 250 افراد جاں بحق

Cloudburst and flash floods kill 250 people in Khyber Pakhtunkhwa, Gilgit-Baltistan and Azad Kashmir

صوبہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں حالیہ طوفانی بارشوں، کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 250 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں صورتحال سنگین ،پی ڈی ایم اے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں کے باعث اموات کی تعداد 214 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ضلع بونیر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں 12 سے زائد دیہات شدید متاثر ہوئے اور 157 افراد جاں بحق ہوئے۔ سوات، باجوڑ، مانسہرہ، تورغر، شانگلہ اور بٹگرام میں بھی شدید نقصانات اور ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

60 سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ مجموعی طور پر 30 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 5 مکمل تباہ ہوگئے۔ بونیر، باجوڑ، مانسہرہ اور بٹگرام کو آفت زدہ اضلاع قرار دے دیا گیا ہے۔ ریسکیو کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، صوبائی ہیلی کاپٹر بھی امدادی کاموں میں شریک ہے۔

گلگت بلتستان کی وادیوں میں سیلابی تباہی ،گلگت بلتستان کی مختلف وادیوں میں سیلابی ریلوں نے فصلوں، مکانات، باغات، پلوں اور واٹر چینلز کو شدید نقصان پہنچایا۔ چلاس کے اوچھار نالے میں کئی افراد بہہ گئے جبکہ 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔ نلتر میں مرکزی پاور اسٹیشن سیلاب کی نذر ہو گیا، جس سے علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا۔

ہنزہ میں شیشپر گلیشیئر کے پگھلاؤ کے باعث حسن آباد نالے میں شدید کٹاؤ جاری ہے اور انتظامیہ نے مقامی آبادی کو گھروں سے نکلنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ حکومت کے مطابق سڑکوں کی بحالی اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

READ  امریکی و اسرائیلی حملوں میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای شہید ہوگئے: ایرانی سرکاری میڈیا

آزاد کشمیر میں رابطے منقطع، سیاح پھنس گئے آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں سیلابی ریلوں نے 6 رابطہ پل بہا دیے، جس سے آمد و رفت معطل ہو گئی۔ مختلف حادثات میں 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ کلاؤڈ برسٹ سے رتی گلی کی سڑک بہہ گئی، جہاں بیس کیمپ میں 500 سے زائد سیاح پھنس گئے ہیں۔

نیلم اور لوات نالوں پر پل بہنے کے علاوہ، کوہالہ شاہراہ بھی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہو گئی ہے۔ مختلف مقامات پر 30 سے زائد مکانات، دکانیں اور املاک کو نقصان پہنچا۔ بجلی اور ٹیلی فون کا نظام متاثر ہے جبکہ خراب موسم کے باعث تمام اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔

پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری ،پاک فوج سوات اور باجوڑ سمیت متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے راشن و ادویات کی فراہمی کی جا رہی ہے۔

موسم کی شدت اور نقصانات کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے کام تیزی سے جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں