پشاور ہائیکورٹ نے کوہستان اسکینڈل میں نیب کو نامزد ملزم سید مہتاب شاہ کی گرفتاری سے روک دیا۔
دنیا نیوز کے مطابق، جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس فرح جمشید پر مشتمل بینچ نے نیب نوٹس کے خلاف سید مہتاب شاہ کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
درخواست گزار کے وکیل، سید قیصر علی شاہ ایڈووکیٹ، نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا مؤکل ایک پراپرٹی ڈیلر ہے جسے نیب کی جانب سے نوٹس موصول ہوا اور اس کی جائیدادیں بھی سیل کر دی گئی ہیں۔
جسٹس ارشد علی نے استفسار کیا کہ کیا نیب نے وارنٹ جاری کیے ہیں؟ اس پر نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر ارباب کلیم اللہ نے جواب دیا کہ ابھی صرف نوٹس جاری ہوا ہے، وارنٹ جاری نہیں کیے گئے۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ چونکہ درخواست گزار نیب سے مکمل تعاون کے لیے تیار ہے، اس لیے اسے گرفتار نہ کیا جائے۔
عدالت نے حکم دیا کہ اگر نیب طلب کرے تو درخواست گزار تفتیش میں شامل ہو، تاہم اسے گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت تک جواب داخل کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 20 اگست تک ملتوی کر دی۔






تبصرے بند ہیں