امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ روس کے ساتھ آج ہونے والی ملاقات کے بعد ماسکو سے تیل اور گیس خریدنے والے ممالک پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف آج ماسکو میں روسی حکام سے ملاقات کریں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی کوششوں سے پاک بھارت سمیت کئی عالمی تنازعات کو روکا گیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ امریکا غزہ میں متاثرہ افراد کو خوراک فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جس میں اسرائیل تقسیم کا کردار ادا کرے گا جبکہ عرب ریاستیں مالی معاونت فراہم کریں گی۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ بھارت کو چوبیس گھنٹوں میں اضافی ٹیرف لگانے کی دھمکی بھی دے چکے ہیں۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے روس سے تیل کی مسلسل خریداری پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت درحقیقت یوکرین میں جاری روسی جنگی مشین کو ایندھن فراہم کر رہا ہے۔
چند روز قبل ٹرمپ حکومت نے بھارتی درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف اور ایک فیصد جرمانہ عائد کیا تھا، اور صدر ٹرمپ نے بھارت کی معیشت کو "مردہ معیشت” بھی قرار دیا تھا۔





تبصرے بند ہیں