پاکستانی اداکار فواد خان اور بھارتی اداکارہ وانی کپور کی بالی ووڈ فلم ’’ابیر گلال‘‘ بالآخر ریلیز کے قریب پہنچ گئی ہے اور اس کی تاریخ کا اعلان بھی سامنے آ گیا ہے۔
فواد خان، جو ہمیشہ اپنے پروجیکٹس کے انتخاب میں محتاط رہتے ہیں، ڈرامہ "ہمسفر” سے شہرت حاصل کرنے کے بعد کئی کامیاب ڈراموں اور چند فلموں میں جلوہ گر ہوئے، جن میں پاکستان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم "دی لیجنڈ آف مولا جٹ” بھی شامل ہے۔ انہوں نے بالی ووڈ میں بھی کام کیا، لیکن فلم "اے دل ہے مشکل” کے بعد بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگنے سے ان کا بھارتی فلمی سفر رک گیا۔
تقریباً نو سال بعد وہ وانی کپور کے ساتھ فلم "ابیر گلال "کے ذریعے واپسی کرنے جا رہے تھے، مگر مئی میں پاک-بھارت کشیدگی کے باعث اس کی ریلیز روک دی گئی۔ اس دوران فواد خان کو بھارت کے خلاف کھل کر موقف نہ لینے پر تنقید کا سامنا رہا، جبکہ وانی کپور نے ان کے ساتھ کھینچی گئی تمام تصاویر بھی حذف کر دیں۔
اب تازہ صورتحال یہ ہے کہ فلم کی ریلیز کی راہ ہموار ہو چکی ہے۔ رپورٹس کے مطابق فلم کا نام تبدیل کر کے ’’آبیر گلال‘‘ رکھ دیا گیا ہے اور یہ "سردار جی 3” کی طرز پر دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی، البتہ بھارت میں نہیں دکھائی جائے گی۔ فلم 29 اگست 2025 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
یہ فواد خان کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے، جو فلم مکمل کرنے کے بعد اب اس کی عالمی تشہیر میں مصروف ہیں۔





تبصرے بند ہیں