لاہور:پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے آئندہ سلسلے کی پیش گوئی کے ساتھ فلڈ ایڈوائزری جاری کر دی۔
ترجمان کے مطابق دریائے ستلج، راوی، چناب، جہلم اور ملحقہ ندی نالوں میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مون سون کا ساتواں اسپیل 13 اگست سے شروع ہوگا، جس سے پنجاب کے بڑے دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے صوبے کے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ لوکل گورنمنٹ، زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو اسٹاک اور ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹس سمیت تمام محکموں کو ہنگامی تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے وزیرِاعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کرنے اور ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رکھنے کا حکم دیا ہے، جبکہ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ عوام کو صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جائے، دریاؤں کے کناروں پر موجود مکانات اور مویشیوں کا فوری انخلاء یقینی بنایا جائے، اور عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ دریاؤں، نہروں، ندی نالوں اور تالابوں میں نہانے سے گریز کریں، ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں اور ضرورت پڑنے پر پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔






تبصرے بند ہیں