پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیکیورٹی کا تاریخی معاہدہ طے پاگیا اور مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر باقاعدہ دستخط کیے گئے۔
سعودی وزیر داخلہ نے اپنے آفیشل مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم "ایکس” پر اس ملاقات اور معاہدے سے متعلق خصوصی پوسٹ بھی شیئر کی ہے۔
دونوں وزرائے داخلہ نے سلامتی اور سیکیورٹی کے شعبے میں دوطرفہ اور مشترکہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر مکمل اتفاق کیا ہے، تاکہ خطے کی امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔
دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی تعاون کی اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہری، لازوال اور اسٹریٹجک شراکت داری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
سعودی وزیر داخلہ عبدالعزیز بن سعود نے واضح کیا کہ انہوں نے اپنی اعلیٰ قیادت کی خصوصی ہدایت پر آج وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، یہ معاہدہ دونوں برادر ممالک کے مضبوط، گہرے اور دیرینہ تاریخی تعلقات کی حقیقی عکاسی کرتا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سعودی وزیر داخلہ نے دلی عزم کا اظہار کیا کہ پاک-سعودی دوطرفہ تعلقات اور عوامی روابط کو آنے والے دنوں میں ہر سطح پر مزید مستحکم اور فعال بنایا جائے گا۔






تبصرے بند ہیں