بھارت میں جگر ٹرانسپلانٹ کی کوشش، آپریشن کے دوران شوہر اور بیوی دونوں جان سے گئے

Husband and wife both die during liver transplant attempt in India

بھارتی شہر پونے میں شوہر کو جگر عطیہ کرنے والی خاتون جگر کی پیوندکاری کے بعد خود بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی، جب کہ اس کے شوہر کا انتقال پہلے ہی ہو چکا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کامنی کومکر نے اپنے شوہر بپو کومکر کو جگر کا ٹکڑا عطیہ کیا تھا۔ 15 اگست کو نجی اسپتال میں بپو کی جگر ٹرانسپلانٹ سرجری ہوئی، تاہم دو دن بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ چل بسے۔ کچھ روز بعد کامنی کومکر کو بھی انفیکشن ہوا اور وہ 21 اگست کو دوران علاج دم توڑ گئیں۔

اہل خانہ نے اسپتال پر الزام لگایا ہے کہ دونوں اموات طبی غفلت کا نتیجہ ہیں۔ تاہم اسپتال انتظامیہ نے وضاحت دی ہے کہ دونوں آپریشن طبی اصولوں کے مطابق کیے گئے تھے اور خاندان کو پہلے ہی خطرات سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔

اسپتال کے بیان کے مطابق بپو کومکر پہلے ہی کئی پیچیدگیوں کے باعث ہائی رسک مریض تھے اور سرجری کے بعد انہیں ’’کارڈیو جینک شاک‘‘ ہوا، جس کے باعث جان بچانا ممکن نہ رہا۔ دوسری جانب کامنی کومکر شروع میں بہتر ہو رہی تھیں لیکن بعد میں ’’سیپٹک شاک‘‘ اور ’’ملٹی آرگن ڈس فنکشن‘‘ کا شکار ہو گئیں جس پر قابو پانا ناممکن تھا۔

اسپتال نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کومکر خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں۔

ادھر مہاراشٹرا کے محکمہ صحت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسپتال کو شوہر اور ڈونر سے متعلق تمام تفصیلات، علاج کے ریکارڈ اور ویڈیو ریکارڈنگ جمع کروانے کی ہدایت کر دی ہے۔

READ  راولپنڈی: لڑکی پر تشدد اور بال کاٹنے والا مرکزی ملزم گرفتار

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں