ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار پر شاہد آفریدی نے بھارتی کھلاڑیوں کو طنزیہ انداز میں آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ بھارت کس منہ سے پاکستان کے خلاف میدان میں اترے گا، مگر کھیلنا تو پڑے گا۔
برطانیہ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان اور بھارت دونوں ٹیمیں سیمی فائنل تک پہنچ چکی ہیں۔ تاہم اس سے پہلے بھارتی کھلاڑیوں نے راؤنڈ میچ میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کر دیا تھا، جس پر بھارتی سیاستدان اروند ساونت نے بھی موجودہ سیاسی کشیدگی کو جواز بناتے ہوئے پاکستان کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کا مشورہ دیا تھا۔
ان بیانات کے ردِعمل میں سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے برمنگھم کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طنزیہ انداز اپنایا۔ انہوں نے کہا، "ہم سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں، ہماری عمر دیکھو، اس عمر میں بھی ہم کھیل رہے ہیں۔ اب بھارت کو ہمارے ساتھ کھیلنا ہی پڑے گا، چاہے وہ چاہے یا نہ چاہے، پتہ نہیں کس منہ سے کھیلے گا، مگر کھیلے گا ضرور۔” ان کے اس بیان پر ہال قہقہوں سے گونج اٹھا۔
آفریدی کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی، جہاں پاکستانی شائقین نے بھرپور انداز میں ان کی حمایت کی اور بھارتی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک صارف نے لکھا، "شاہد آفریدی نے 5 رافیل طیارے گرا دیے!” جب کہ دوسرے نے کہا، "اب پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی بھارتی ٹیم سے ہاتھ نہیں ملانا چاہیے۔” کئی مداحوں کا کہنا تھا کہ بھارت شکست کے خوف سے کھیلنے سے کترا رہا ہے۔
یاد رہے کہ 20 جولائی کو ہونے والا پاک بھارت میچ بھارتی کھلاڑیوں کے غیر پیشہ ورانہ رویے، ہٹ دھرمی، اور شاہد آفریدی کے خلاف تعصب کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔






تبصرے بند ہیں