مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ صرف ایک ماہ میں شہباز شریف کی حکومت نے 1830 ارب روپے کا قرضہ لیا ہے۔
اپنے بیان میں مزمل اسلم نے سوال کیا کہ ملک کی معیشت کیسے بہتر ہو رہی ہے، جب کہ پاکستان کا مجموعی قرضہ تقریباً 78,000 ارب روپے کے قریب پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں شہباز شریف کی حکومت نے اب تک 34,500 ارب روپے کا قرضہ لیا ہے۔
مزمل اسلم نے کہا کہ جب شہباز شریف اقتدار میں آئے تو ملک کا قرضہ 43,500 ارب روپے تھا اور وہ ملکی قرضہ کم کرنے کے وعدے لے کر آئے تھے، لیکن اب ان کے دور میں قرضہ لینے کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی حکومت کے دوران ملک کے مجموعی قرضے میں 79 فیصد اضافہ ہوا، اور جو قرضہ ملک نے 75 سالوں میں لیا، اس کا 80 فیصد صرف 3 سالوں میں لیا گیا ہے۔
مزمل اسلم نے مزید کہا کہ تین سالوں میں ملک میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوئی، اور اسٹیٹ بینک کو مارکیٹ سے ڈالرز خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نہ تو سرمایہ کاری ہو رہی ہے اور نہ ہی کوئی قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔





تبصرے بند ہیں