وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ جشنِ آزادی اور معرکۂ حق کی تقریبات بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہیں۔
ایکسپو سینٹر کراچی میں سعید غنی اور سینیٹر وقار مہدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج ایکسپو سینٹر میں معرکۂ حق اور جشنِ آزادی کے سلسلے میں مشاعرہ اور آتشبازی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ سعید غنی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ فیملیز کے ہمراہ ان تقریبات میں بھرپور شرکت کریں۔
انہوں نے کہا کہ 13 اگست کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ایک بڑا پروگرام منعقد ہوگا، جہاں خواتین اور معذور افراد کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کل حیدرآباد کے رانی باغ میں شاندار کنسرٹ ہوا جو شاید پاکستان کی تاریخ کے بڑے پروگرامز میں شمار ہوگا۔
سعید غنی کے مطابق 12 اگست کو مزارِ قائد پر رات کے وقت لیزر لائٹ شو کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ فریئر ہال میں تین روزہ فیملی فیسٹیول جاری ہے اور صوبے بھر میں مختلف تقریبات ہو رہی ہیں جو 14 اگست تک جاری رہیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ بڑے پروگرامز عوام کے تعاون سے کامیابی سے منعقد ہو رہے ہیں، آتشبازی کا سلسلہ بھی ہر اہم تقریب میں جاری ہے۔ کل سکھر میں پروگرام کے دوران بھی آتشبازی ہوگی، جیسا کہ حیدرآباد میں کی گئی۔ اسپانسرز کے تعاون سے یہ پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں، تاہم وہ اپنا نام ظاہر نہیں کرنا چاہتے۔
سعید غنی نے کہا کہ مشاعرے پر بھی کچھ اخراجات ہوں گے، اور یہ خوش آئند ہے کہ گورنر سندھ بھی بڑے ایونٹس کروا رہے ہیں۔
اس موقع پر سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ کراچی کے شہری ان تقریبات میں ضرور شریک ہوں۔ کراچی ماضی میں مشاعروں کا گہوارہ رہا ہے اور امید ہے کہ آج کا مشاعرہ ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔






تبصرے بند ہیں