اسرائیل نے غزہ سٹی میں زمینی فوجیں تعینات کر دی
اسرائیل نے غزہ سٹی میں بھی اپنی زمینی فوجیں تعینات کر دی ہیں اور فلسطینی شہریوں کو شہر خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں 50 بلند عمارتوں کا انہدام محض آغاز تھا، اصل فوجی کارروائی اب شروع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فضائیہ نے غزہ سٹی کی اونچی عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے تاکہ زمینی آپریشن کی راہ ہموار کی جا سکے۔
نیتن یاہو نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر غزہ سٹی چھوڑ دیں تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
ادھر اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ فوجی مہم آئندہ برس تک جاری رہ سکتی ہے، جس میں ایک لاکھ 30 ہزار ریزرو فوجیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس نے شرائط تسلیم نہ کیں تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ اسرائیل پہلے ہی ان شرائط کو تسلیم کر چکا ہے، اب باری حماس کی ہے۔






تبصرے بند ہیں