خیبرپختونخوا حکومت کا نیا ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ

Khyber Pakhtunkhwa government decides to purchase new helicopter

خیبرپختونخوا حکومت نے نیا ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ کا کہنا ہے کہ قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہیلی کاپٹر کی ضرورت ہوتی ہے۔ مہمند میں ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد حکومت کے پاس صرف ایک ہیلی کاپٹر باقی رہ گیا ہے۔

یاد رہے کہ 15 اگست کو باجوڑ میں جاری ریلیف آپریشن کے دوران سرکاری ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ نے اس حادثے کے شہداء کے لیے خصوصی پیکج کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت لواحقین کو پولیس شہداء کے برابر معاوضہ دیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے دونوں پائلٹس کے ورثاء کو 2،2 کروڑ روپے جبکہ عملے کے دیگر پانچ افراد، جو کنٹریکٹ ملازمین تھے، کو مختلف مد میں پیکجز دیے جائیں گے۔ پائلٹس میں کرنل (ر) شاہد سلطان اور آفتاب شامل تھے۔ دونوں پائلٹس کے لواحقین کو اسکیل 19 کے پولیس افسر کے شہداء پیکج کے مساوی رقم دی جائے گی۔

فلائٹ انجینئر سلیم کے اہل خانہ کو ڈیڑھ کروڑ روپے جبکہ دو کریو چیفس کے ورثاء کو ایک، ایک کروڑ روپے دیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں موجود عملے نے دوسروں کی جانیں بچانے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، وہ ہمارے اصل ہیرو ہیں اور ان کی قربانی کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت شہداء کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی مکمل مدد کی جائے گی۔

READ  اسٹوکس اور لبوشین کے درمیان بحث ہاتھا پائی میں تبدیل ہوتے ہوتے رہ گئی، ویڈیو وائرل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں