پاکستان کی معروف اداکارہ مایا علی نے محبت میں دل ٹوٹنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں مہمان کے طور پر شرکت کرتے ہوئے مایا علی نے اپنی ذاتی زندگی اور شادی کے حوالے سے بات کی۔ جب میزبان نے ان سے شادی نہ کرنے کی وجہ پوچھی، تو انہوں نے کہا کہ وہ صرف اس لیے شادی نہیں کریں گی کہ لوگ کہتے ہیں کہ "اب کرلو یا عمر نکل رہی ہے”، بلکہ جب انہیں کوئی ایسا شخص ملے گا جس سے وہ واقعی دل سے جُڑی ہوں گی، تب ہی شادی کریں گی۔
مایا نے واضح کیا کہ شادی ایک بڑا فیصلہ ہے جو صرف دو افراد کا نہیں بلکہ دو خاندانوں کا معاملہ ہوتا ہے، اور اس میں حقیقی کنیکشن ہونا بہت ضروری ہے۔ اگر وہ کسی سے ایسا کنیکشن محسوس کریں گی تو شادی کر لیں گی۔
انہوں نے شادی میں تاخیر کو اللہ کی مرضی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو دن شادی کے لیے مقرر ہے وہی دن ہوگا، اور لوگ اس بات کو سمجھ نہیں پاتے کہ یہ سب اللہ کے فیصلے پر منحصر ہے۔
جب میزبان نے پوچھا کہ کیا انڈسٹری میں کوئی ایسا شخص نہیں ملا جس سے شادی کی جا سکے، تو مایا نے جواب دینے سے گریز کیا اور مسکرا دیں۔ بعد میں جب میزبان نے محبت کے بارے میں سوال کیا تو مایا نے اعتراف کیا کہ وہ محبت ضرور کر چکی ہیں، لیکن کامیاب محبت کے لیے صحیح انسان کا ہونا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محبت کا ہونا مشکل نہیں، بلکہ محبت کو قائم رکھنا مشکل ہوتا ہے، اور انہوں نے بھی اپنی محبت کو نبھانے کی کوشش کی ہے۔






تبصرے بند ہیں