آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق اسٹارک نے ٹیسٹ اور ون ڈے پر توجہ دینے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں 65 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کھیل کر 79 وکٹیں حاصل کیں۔
مچل اسٹارک نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ ہمیشہ ان کی پہلی ترجیح رہی ہے، تاہم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلنے کے ہر لمحے سے لطف اندوز ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بھارت ٹیسٹ سیریز، ایشیز اور 2027 ورلڈ کپ میں تازہ دم ہو کر بہترین کارکردگی دکھانے کے منتظر ہیں۔
ادھر کرکٹ آسٹریلیا نے اسٹارک کی غیر موجودگی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹ کمنز مینجمنٹ پلان کے تحت اس سیریز میں شامل نہیں ہوں گے۔ بورڈ کے مطابق انہیں کمر کے نچلے حصے میں تکلیف ہے اور ان کی مکمل تشخیص جاری ہے۔ کمنز بھارت کے خلاف محدود اوورز کی سیریز میں بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت مچل مارش کریں گے۔ یہ سیریز تین میچوں پر مشتمل ہوگی جو یکم، 3 اور 4 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔





تبصرے بند ہیں