امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے الزام لگایا ہے کہ ایم کیو ایم کے وزراء عیاشیوں میں مصروف ہیں جبکہ شہر کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں کے بعد کراچی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش نہیں، حکومت نے نالوں کی صفائی کے لیے 7 کروڑ روپے مختص کیے مگر عملی طور پر کوئی کام نہیں ہوا۔ ان کے مطابق لیاری ندی اور گجر نالے کا پانی سمندر میں جانے کے بجائے الٹا باہر آ رہا تھا، جبکہ اورنگی اور گجر نالے اوور فلو کر رہے تھے۔ ٹاؤنز میں انٹر نالوں کی صفائی اور پانی نکالنے کا کام تو کیا گیا لیکن نکالا گیا پانی ڈالنے کی کوئی جگہ موجود نہیں تھی۔
منعم ظفر کا کہنا تھا کہ لنڈی کوتل روڈ ایک سال سے کھدی ہوئی ہے، سعید غنی سے رابطے کے باوجود ترقیاتی کاموں کے نام پر ٹاؤنز کو کوئی فنڈز نہیں ملے اور ہم اپنے وسائل سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر چونکہ ایم کیو ایم سے تعلق رکھتے ہیں، انہیں وفاق سے بات کرنی چاہیے۔ کے-4 منصوبہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی دونوں مکمل نہیں کر سکیں، جو ان کی ناکامی ہے۔ گلشن ٹاؤن میں ریڈ لائن منصوبے کے باعث نالے توڑ دیے گئے، سیوریج تباہ ہے اور اس شہر کو بااختیار بلدیاتی نظام کی اشد ضرورت ہے۔





تبصرے بند ہیں