این ڈی ایم اے نے بارش کا نیا الرٹ جاری کر دیا ، کراچی میں اربن فلڈنگ کا خطرہ

NDMA issues new rain alert, warns of urban flooding in Karachi

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج سے ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کے نئے اسپیل کے آغاز پر الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ: این ڈی ایم اے کے مطابق 30 اگست سے 2 ستمبر تک کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جس سے کراچی میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا خطرہ ہے۔ اندرونِ سندھ کے اضلاع حیدرآباد، دادو، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، جیکب آباد اور کشمور میں بھی 30 اگست سے 1 ستمبر کے دوران موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی ہے۔

پنجاب: 29 اگست سے 2 ستمبر تک اسلام آباد اور پنجاب کے شمالی و شمال مشرقی اضلاع راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، جہلم، چکوال، نارووال، حافظ آباد، اٹک اور منڈی بہاؤالدین میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ممکنہ سیلاب کی وارننگ دی گئی ہے۔
وسطی و جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی نشیبی علاقوں کے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔

خیبر پختونخوا: خیبر پختونخوا میں 29 تا 31 اگست کے دوران شدید بارشیں متوقع ہیں۔ مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں لینڈسلائیڈنگ کا امکان ہے۔ متاثرہ اضلاع میں چترال، دیر، سوات، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، ڈی آئی خان، ٹانک، کوہاٹ اور بنوں شامل ہیں۔

آزاد کشمیر و گلگت بلتستان: آزاد کشمیر کے اضلاع مظفرآباد، باغ، حویلی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں 29 اگست سے 2 ستمبر کے دوران شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
گلگت بلتستان کے اضلاع گلگت، سکردو، ہنزہ، دیامر، استور، غذر اور گانچھے میں 29 تا 31 اگست بارشیں متوقع ہیں، جہاں لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلیں پھٹنے (GLOF) کا امکان ہے۔

READ  بارش نے کرکٹ آسٹریلیا کا کروڑوں کا نقصان کر دیا

بلوچستان: بلوچستان کے ساحلی اور مشرقی اضلاع گوادر، کیچ، پنجگور، خضدار، لسبیلہ اور قلات میں 29 اگست سے 1 ستمبر کے دوران بارشوں کی پیش گوئی ہے، جن سے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے اس سلسلے کے دوران دریائے راوی، ستلج اور چناب کے اطراف میں سیلابی صورتحال مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں