بیرون ملک ملازمت کے لیے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں ایک سال کے دوران 25 فیصد کمی کا انکشاف ہوا ہے۔
اوورسیز ایمپلائمنٹ بیورو کا ڈیٹا سماء کو موصول ہوگیا۔اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جنوری سے اکتوبر تک 4 لاکھ 76 ہزار 240 پاکستانی روزگار کے لیے بیرون ملک جاسکے، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 6 لاکھ 36 ہزار 270 افراد نے بیرون ملک ملازمت اختیار کی تھی۔
ڈیٹا میں گزشتہ تین سال سے بیرون ملک روزگار کے لیے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں مسلسل کمی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
بیرون ملک ملازمت کے مواقع میں کمی کے باعث پاکستان کی 45 ارب ڈالر کی متوقع ترسیلات زر کا ہدف بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات، قطر اور عمان پاکستانی ورکرز کے لیے پہلے ہی بند ہیں، جبکہ حکومتی پالیسیوں اور پیچیدہ نظام کے باعث سعودی عرب میں بھی پاکستانی افرادی قوت کی تعداد کم ہورہی ہے۔
اسٹیک ہولڈرز نے حکومت پر زور دیا ہے کہ مشرق وسطیٰ اور یورپی ممالک کے ساتھ سفارتی سطح پر رابطے کرکے پاکستانی ورکرز کو درپیش مسائل حل کیے جائیں۔
اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق بیرون ملک ملازمت کے مواقع میں کمی کے باعث ان کا کاروبار بھی روز بروز سکڑ رہا ہے۔






تبصرے بند ہیں