پاکستان تحریک انصاف نے 5 اگست کے احتجاج کے لیے باقاعدہ لائحہ عمل تیار کر لیا ہے۔ پارٹی قیادت نے اسلام آباد میں دھرنے یا جلسے کے بجائے ملک بھر کے تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہروں کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور میں احتجاجی ریلی حیات آباد ٹول پلازہ سے قلعہ بالا حصار تک نکالی جائے گی، جو رات تک جاری رہے گی۔ بانی چیئرمین کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے "تحریک تحفظ آئین” کے تحت پشاور ریجن کے لیے 5 اگست کا تفصیلی پلان جاری کیا گیا ہے۔
پشاور اور خیبر اضلاع کے کارکنان سہ پہر 3:30 بجے حیات آباد ٹول پلازہ، رنگ روڈ پر جمع ہوں گے اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں قلعہ بالا حصار تک ریلی نکالیں گے۔
صوابی میں کارکنان امبار انٹرچینج پر جمع ہوں گے، جہاں بانی چیئرمین کی دو سالہ غیر قانونی قید کے خلاف ایک روزہ احتجاج کیا جائے گا، جو شام 3:30 بجے شروع ہو کر نماز عشاء تک جاری رہے گا۔
اسی طرح نوشہرہ کے کارکنان خیر آباد میں احتجاجی مظاہرہ کریں گے جو مقررہ وقت پر شروع ہو کر رات تک جاری رہے گا۔
تمام قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین اور ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے حجرے یا ڈیرے سے احتجاج کا آغاز کریں، اس کی ویڈیو بنائیں اور ضلعی تنظیم کے ذریعے ریجنل تنظیم کو فراہم کریں۔





تبصرے بند ہیں