بالی وڈ اداکارہ ہنسیکا موٹوانی اور ان کے شوہر سہیل کتھوریہ کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی افواہیں زور پکڑ گئی ہیں، تاہم دونوں نے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان نہیں دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہنسیکا اور سہیل نے 2022 میں شادی کی تھی، لیکن محض دو سال بعد دونوں کے درمیان فاصلے پیدا ہو گئے ہیں اور مبینہ طور پر وہ اب الگ رہ رہے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ ہنسیکا اپنی والدہ کے ساتھ جبکہ سہیل اپنے والدین کے ہمراہ رہائش پذیر ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شادی کے بعد ہنسیکا اپنے سسرال میں مقیم تھیں، تاہم خاندانی وسعت کی وجہ سے رہائش میں مشکلات پیش آئیں، جس پر دونوں نے اسی عمارت میں ایک علیحدہ فلیٹ لے لیا۔ لیکن علیحدہ رہائش اختیار کرنے کے باوجود ان کے درمیان اختلافات برقرار رہے، جس کے باعث دونوں نے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سہیل نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا، جبکہ ہنسیکا کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے ان افواہوں پر ملا جلا ردعمل دیا۔ بہت سے صارفین نے پرانی خبروں کو بنیاد بناتے ہوئے یاد دلایا کہ ہنسیکا نے اپنی قریبی دوست رنکی بجاج کے شوہر سہیل کتھوریہ سے شادی کی تھی، جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔
پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق ہنسیکا نے اپنے انسٹاگرام سے شادی سے متعلق تمام تصاویر اور پوسٹس بھی حذف کر دی ہیں۔ واضح رہے کہ ہنسیکا کو رنکی اور سہیل کی شادی میں شرکت کرتے اور ڈانس کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے سہیل سے منگنی اور شادی کا اعلان کیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے اپنی قریبی دوست کا رشتہ خراب کر کے اس کے شوہر سے شادی کی۔
ان الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے ہنسیکا نے کہا تھا کہ صرف اس لیے کہ میں اس شخص کو جانتی تھی، اس کا مطلب یہ نہیں کہ قصور وار میں ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں کے رشتے کے خاتمے سے میرا کوئی تعلق نہیں تھا، لیکن چونکہ میں ایک مشہور شخصیت ہوں، اس لیے مجھے ہی ولن بنا دیا گیا۔ یہ وہ قیمت ہے جو مجھے شہرت کے بدلے ادا کرنی پڑتی ہے۔





تبصرے بند ہیں