پشاور : پیسکو نے ریکوری آپریشنز کو تیز اور موثر بنانے کے لیے ہفتہ اور اتوار کو بھی ورکنگ ڈیز قرار دیتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے مالی سال 27-2026 کے لیے اپنے تمام بجلی کے بقایاجات اور ریکوری اہداف کو ہر صورت حاصل کرنے کا باضابطہ فیصلہ کر لیا۔
کمپنی نے ریکوری آپریشنز کو تیز اور موثر بنانے کے لیے رواں ہفتے ہفتہ اور اتوار (26 اور 27 ستمبر) کو بھی ورکنگ ڈیز قرار دیتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ 26 اور 27 ستمبر کو پیسکو کے تمام آپریشن فیلڈ دفاتر مکمل کھلے رہیں گے اور عملہ خصوصی ریکوری آپریشنز میں مصروف رہے گا۔
پیسکو نے ریکوری اہداف کے حصول کے لیے تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو اپنے متعلقہ سرکلز میں خصوصی ریکوری ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ ایکسینز اور ایس ڈی اوز بذاتِ خود فیلڈ میں ان تمام آپریشنز کی قیادت کریں گے۔
تمام سپروائزنگ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہفتہ اور اتوار کو ہونے والی ریکوری کی کارروائیوں اور پیشرفت کی روزانہ کی رپورٹ باقاعدگی سے پیسکو کے چیف کمرشل آفس کو جمع کروائیں۔
پیسکو انتظامیہ نے تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو واضح احکامات دیے ہیں کہ بجلی چوروں اور بقایاجات کے نادہندگان کے خلاف ان ریکوری آپریشنز کو ہر ممکن حد تک موثر اور تیز بنایا جائے۔






تبصرے بند ہیں