سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت نے خیبر پختونخوا میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے نام تعزیتی پیغامات بھیجے، جن میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کی گئی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لاپتہ افراد کی بحفاظت واپسی کی دعا بھی کی ہے۔
پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا کے مطابق حالیہ بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں 323 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ضلع بونیر میں رپورٹ ہوئیں جہاں 209 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے بھر میں 156 افراد زخمی ہوئے، 336 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں سے 230 جزوی جبکہ 106 مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔





تبصرے بند ہیں