پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ سیلاب سے ممکنہ متاثرہ افراد کی مدد کے لیے پیشگی اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پیپلزپارٹی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
بلاول ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی اور صوبے میں سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی۔
بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ کو ہدایت دی کہ سیلابی ریلوں اور ان کے اثرات کی مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے وزراء، پارٹی رہنما اور کارکن عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت سیلاب اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔





تبصرے بند ہیں